اہم ترین

ٹرمپ کو بڑا جھٹکا! امریکی عدالت نے زیادہ تر ٹیرف غیر قانونی قرار دے دیے

امریکی اپیل کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد بیشتر ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ جب کہ ٹرمپ نے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرف بدستور نافذ رہیں گے اور وہ سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔

واشنگٹن ڈی سی میں قائم یو ایس کورٹ آف اپیلز فار دی فیڈرل سرکٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگرچہ صدر کو قومی ایمرجنسی کے دوران کئی طرح کے اختیارات حاصل ہوتے ہیں لیکن ان میں ٹیرف یا محصولات عائد کرنے کا اختیار شامل نہیں ۔

یہ فیصلہ ٹرمپ کی معاشی حکمتِ عملی پر بڑا جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے البتہ 14 اکتوبر تک ٹیرف کو برقرار رکھنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ انتظامیہ کو اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا موقع مل سکے۔

فیصلے کے فوراً بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عدالت کو ’جانبدار‘ قرار دیا اور کہا کہ تمام ٹیرف بدستور نافذ رہیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر اس فیصلے کو ایسے ہی رہنے دیا گیا تو یہ امریکہ کے لیے تباہی ثابت ہوگا۔ ہم سپریم کورٹ کے ذریعے ان ٹیرف کو اپنے قومی مفاد میں استعمال کرتے رہیں گے۔‘‘

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی بیان جاری کیا جس میں انہوں نے لکھا، ’’یہ فیصلہ امریکہ کے خلاف سازش ہے۔ ٹیرف اب بھی نافذ ہیں اور آخرکار جیت امریکہ کی ہی ہوگی۔ اگر یہ ٹیرف ہٹا دیے گئے تو یہ ملک کے لیے ایک بڑی آفت ہوگی۔‘‘


پاکستان