آن لائن مواد تخلیق کرنے والوں کے لیے لائیو اسٹریمنگ اب صرف ناظرین سے جڑنے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ کمائی کا بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یوٹیوب نے بھی اپنے پلیٹ فارم پر ایک نیا فیچر لانچ کیا ہے جس کا نام ہے گفٹ گولز ۔ یہ فیچر ٹک ٹاک کے گفٹنگ ماڈل کو ٹکر دینے کے لیے پیش کیا گیا ہے اور اس کے ذریعے تخلیق کار اپنے مداحوں سے تحائف لے کر تیزی سے کمائی کر پائیں گے۔
یوٹیوب نے پہلی بار نومبر 2024 میں گفٹنگ سسٹم کا اعلان کیا تھا اور اب 2025 میں اسے مزید تخلیق کاروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اس فیچر کے تحت ناظرین لائیو اسٹریم کے دوران تحائف بھیج سکتے ہیں۔ جو روبیز کی صورت میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔
ہر 100 روبیز پر کریئٹر کو 1 ڈالر کی کمائی ہوتی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ گفٹس تبھی حاصل کیے جا سکتے ہیں جب کریئٹر ورٹیکل لائیو اسٹریم کر رہا ہو۔ اس فیچر کو یوٹیوب اسٹوڈیو کے ارن ٹیب سے آن کیا جا سکتا ہے۔
گفٹ گولز فیچر کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اب تخلیق کار اپنے لائیو اسٹریم کے دوران ٹارگٹ سیٹ کر سکتے ہیں اور فینز کے گفٹس سے اسے پورا کر سکتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، وہ اپنے ناظرین کو یہ بھی بتا سکتے ہیں کہ گول پورا ہونے پر وہ کس طرح سیلیبریٹ کریں گے۔ پہلے یہ آپشن صرف سپر چیٹس کے لیے تھا لیکن اب گفٹس کے لیے بھی دستیاب ہو گیا ہے۔ تاہم، جو تخلیق کار اس فیچر کو آن کریں گے انہیں سپر اسٹیکرز کا ایکسیس نہیں ملے گا۔
ناظرین کے لیے گفٹنگ کا طریقہ بھی آسان ہے۔ وہ جیولز نامی بنڈل خرید سکتے ہیں جن کی قیمت 0.99 سے 49.99 امریکی ڈالرز تک ہوتی ہے۔ ایک بار بنڈل لینے کے بعد اسے لائیو اسٹریم کے دوران کئی بار گفٹ بھیجنے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ناظرین کو اینیمیٹڈ گفٹس کا سیٹ بھی ملتا ہے، حالانکہ اس میں کوئی کسٹمائزیشن آپشن نہیں ہے۔











