سہ ملکی ٹی 20 ٹورنامنٹ کے دوسرےمیچ میں پاکستان نے یواے ای کو باآسانی ہرادیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئےمیچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 207 رنز بنائے۔ جواب میں یو اے ای کی ٹیم 178 رنز ہی بناسکی۔
صائم اورحسن کی ففٹیز
پاکستان کی اننگز کی خاص بات صائم ایوب کا اپنی روایتی جارحانہ بیٹنگ تھا جب کہ حسن نواز نے بھی 210 کے اسٹرائیک ریٹ سے خوب بلا چلایا۔
صائم ایوب نے 38 بالز پر چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔ حسن نواز نے صرف 26 گیندوں پر 56 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چھ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ محمد نواز نے 15 گیندوں پر 25 رنز جوڑے۔ پاکستان کے سات بیٹرز ڈبل فِگر میں داخل نہ ہو سکے۔
متحدہ عرب امارات کی طرف سے جنید صدیق اور صغیر خان نے تین تین جبکہ حیدر علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یو اے ای کی بیٹنگ
یو اے ای کی طرف سے کپتان محمد وسیم اور محمد زوہیب نے شاندار انداز میں ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا۔ 39 کے اسکور پر کپتان محمد وسیم 18 گیندوں پر 33 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے پوری ٹیم ہی لڑکھڑا گئی۔
یو اے ای کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں اور آدھی ٹیم 76 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اس موقع پر آصف خان مزاحمت کی دیوار بن گئے۔ انہوں نے دھروو پرشار کے ساتھ مل کر اسکور کو 130 تک پہنچایا۔ دھروو نے 15 رنز بنائے۔ 175 رنز پر آصف خان بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 35 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے شاندار 77 رنز بنائے۔
اس طرح یو اےای کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز ہی بنا سکی اور پاکستان یہ میچ 31 رنز سے جیت گیا۔











