امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یرغمالیوں کی رہائی کی ڈیل کو قبول کرے ورنہ اب وہ دوبارہ نہیں کہیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیل نے ان کی شرائط مان لی ہیں، حماس بھی تسلیم کرے۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ شرائط نہ ماننے کی صورت میں حماس کو نتائج سے خبردار بھی کر چکے ہیں۔ اور یہ ان کی آخری وارننگ ہے۔
چند روز قبل بھی ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا حماس کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر سنجیدہ ہے ۔۔ تاہم مزید یرغمالیوں کی موت واقع ہونے کا خطرہ ہے۔ ان کو ابھی باہر نکالیں اور جانے دیں اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو بہت برا ہو گا۔
دوسری جانب اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ شہر کو ملیا میٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
فلسطینی سول ڈیفنس کے مطابق اسرائیل نے غزہ شہر میں ایک اور بلند عمارت کو تباہ کر دیا ہے، جس سے غزہ کی پٹی کے سب سے بڑے شہری مرکز پر قبضے کے دوران منہدم ہونے والی عمارتوں کی تعداد کم از کم 50 ہو گئی ہے۔