اہم ترین

ملک میں سیلاب: بلاول بھٹو کا زرعی ایمرجنسی کا مطالبہ

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے زرعی ایمرجنسی لگاکر بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

مظفر گڑھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ متاثرین سیلاب کی مدد ہم سب کی ذمہ داری ہے اور میں نے وزیراعظم شہباز شریف سے بات کی ہے کہ وہ بینظیم انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسانوں کی مدد کرنی چاہیے، چاہے وہ قرضوں کی معافی کی شکل میں ہو یا پھر بیج کی مفت فراہمی سمیت دیگر صورتوں میں ہو، اور ساتھ ہی سیلاب کے دوران ان کسانوں کے بجلی کے بل بھی معاف کرنے چاہییں، تاہم یہ سب تب ہی ممکن ہوسکتا ہے جب ہم زرعی ایمرجنسی نافذ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے پچھلے دور حکومت میں ہم سب نے مل کر سیلاب متاثرین کے لیے نئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ دیا تھا، ویسے ہی وفاقی حکومت کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر مدد کرنا ہوگی۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے درخواست ہے کہ اقوام متحدہ میں جب ہم اپیل کرنے جائیں، ویسے تو مختلف قسم کی اپیل ہوتی ہے ایک ریلیف اور ایمرجنسی کی ہوتی ہے جو اس قدرتی آفت کے دوران کے لیے ہوتی ہے اور دوسری اپیل بعد کے لیے یعنی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر وبحالی کے حوالے سے ہوتی ہے۔

پاکستان