اہم ترین

مودی نے روسی تیل کی خریداری روکنے کی یقین دہانی کرادی:صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے روس سے تیل کی خریداری روکنے کا وعدہ کیا ہے۔وہ کوشش کریں گے کہ چین بھی ایسا ہی کرے۔

وائٹ ہاؤس میں تقریب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں خوش نہیں تھا کہ انڈیا تیل خرید رہا ہے، اور انہوں نے (مودی) نے آج مجھے یقین دلایا کہ وہ روس سے تیل نہیں خریدیں گےیہ ایک بڑا قدم ہے۔ اب ہم چین سے بھی ایسا ہی کرنے جا رہے ہیں ۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر نوبل انعام نہ ملنے پر ناراضگی ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 8 مہینوں میں 8 جنگیں رکوا دیں۔ شاید ہی کسی امریکی صدر نے اتنے قلیل وقت میں ایسا کیا ہو۔مجھے جنگ روکنا پسند ہے۔ مجھے ان اقدامات پر فخر ہے جن سے لوگوں کی جانیں بچیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان کے سخت رویے اور اقتصادی دباؤ کی حکمتِ عملی نے کئی جنگوں پر لگام لگائی۔ دنیا کے مختلف خطوں میں ہونے والے کئی بڑے تنازعات کو ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا مگر اس کے باوجود نوبل انعام سے محروم رکھا گیا۔

ٹرمپ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے تصادم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان حالات نہایت کشیدہ تھے۔ جب میں نے دیکھا کہ دونوں ملکوں کے لڑاکا طیارے تباہ ہو رہے ہیں اور جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے، تو میں نے دونوں رہنماؤں سے سخت لہجے میں کہا کہ اگر جنگ نہیں رکی تو امریکا ان کی اشیا پر 200 فیصد ٹیرف لگا دے گا۔اگلے ہی دن دونوں ملکوں نے کشیدگی کم کرنے کا فیصلہ کیا اور تصادم کی شدت میں نمایاں کمی آئی۔

پاکستان