ٓئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بھارت سے متصل کریکس ایریا میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا۔
ایڈمرل نوید اشرف کے دورے کے دوران پاک میرینز میں باضابطہ طور پر 3 جدید ترین 2400 ٹی ڈی ہور کرافٹس کو شامل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نئی شامل کی گئی ہور کرافٹس بیک وقت مختلف سطحوں پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جن میں کم گہرائی والی جگہ، ریتیلے ٹیلے، دلدلی اور نرم ساحلی علاقے شامل ہیں، یہ کرافٹس ان جگہوں پر بھی چل سکتی ہیں جہاں روایتی کشتیوں یا جہازوں کا چلنا ممکن نہیں۔
زمین اور سمندر دونوں پر بیک وقت کام کرنے کی یہ منفرد صلاحیت پاک میرینز کو اپنے تفویض کردہ فرائض کی انجام دہی میں نمایاں برتری فراہم کرتی ہے، یہ پاکستان نیوی کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے گی تاکہ وہ دشمن کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن ردعمل ظاہر کر سکے۔
اس موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ہور کرافٹس کی شمولیت پاکستان نیوی کے اُس وژن کی مظہر ہے، جو بحری دفاع کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ملک کی بحری سرحدوں، خصوصا کریکس کے ساحلی علاقے کے تحفظ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔











