اہم ترین

پی ایس ایل 10 کی فرنچائزز کی ملکیتی مدت ختم، نئے معاہدے کی تیاریاں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 سالہ فرنچائز معاہدے کی مدت پوری ہو گئی، اور اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ریلیشن شپ ٹرمز اینڈ کنڈیشنز” پر کام شروع کر دیا ہے۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیا معاہدہ ویلیوایشن رپورٹ کی بنیاد پر تیار کیا جائے گا۔چونکہ پی ایس ایل ٹیموں کی “مارکیٹ ویلیو” بدل چکی ہے، اس لیے چارٹرڈ فرم ای وائے مینا کو بلایا گیا ۔

ای وائے مینا کے محسن اقبال اور ان کی ٹیم نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اب پرانی ٹیموں کی ویلیو نئی مارکیٹ کے حساب سے اپڈیٹ ہوگی مطلب، اگر کسی فرنچائز کی قسمت میں “کپ” نہیں لکھا تو کم از کم ویلیو ہی بڑھ جائے!

ذرائع کے مطابق، اگلے چند روز میں چارٹرڈ فرم یہ طے کر لے گی کہ کس ٹیم کی قیمت کتنی ہے، تاکہ نیا 10 سالہ معاہدہ تیار کیا جا سکے ۔ لیکن ساتھ ہی ایک شرط بھی رکھ دی گئی ہے کہ صرف وہی ٹیمیں نئی بولی کا حصہ بن سکیں گی جو “اہلیت” ثابت کریں — یعنی کارکردگی کم اور بہانے زیادہ والے فرنچائز مالکان اب ذرا سنبھل جائیں!

ادھر شائقینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ اگر ویلیوایشن میں ٹیموں کے فینز کی امیدیں بھی شامل ہوتیں، تو لاہور قلندرز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہوتی!

پاکستان