اہم ترین

ججی: پنڈی کے سیریئل کلر مالشی پر بنی فلم ایمازون پر ریلیز

پاکستانی نوجوان فلم سازوں کی کم بجٹ مگر ہمت اور لگن سے بنی فلم جُجّی کو پاکستان میں کسی بھی تقسیم کار نے سینیما میں لگانے سے انکار کر دیا تھا لیکن اب یہی فلم امریکا اور برطانیہ کے ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمازون پرائم پر ریلیز کردی گئی ہے۔

فلم جُجی میں مصطفیٰ رضوی، انجم حبیبی اور محمد ارسلان نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

فلم کے ہدایت کار حبیب شہزاد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ انہوں نے اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ مل کر بغیر کسی بڑے سٹوڈیو یا چینل کی مدد کے یہ فلم بنائی۔ ان کے مطابق سینیما مالکان نے اسے اس لیے مسترد کیا کیونکہ فلم میں کوئی بڑا اسٹار نہیں تھا۔

حبیب شہزاد کے مطابق راولپنڈی کا ایک مالشی لوگوں کو مالش کے دوران قتل کر دیتا تھا۔ پولیس کو لاشیں مل تو رہی تھیں مگر وجہ سمجھ نہیں آ رہی تھی۔ بعد میں ذہانت سے کی گئی تفتیش نے قاتل کو جلد پکڑ لیا۔

فلم کی کہانی میں دو پہلو قاتل کا انجانہ اور بےرحمانہ طریقۂ کار اور پولیس کی تیز اور مؤثر تفتیش مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔

فلم 2023 میں مکمل ہوگئی تھی مگر پاکستان میں ریلیز کا اب تک کوئی راستہ نہ تھا۔ تب حبیب شہزاد نے ہمت کی اور اسے ہالی وُڈ مارکیٹ میں پیش کیا، جہاں بالآخر مشہور اسٹوڈیو بُفیلو8 نے خرید لی۔

جُجّی پہلے امریکا اور برطانیہ میں ایمازون پرائم پر جبکہ جنوری 2026 میں پوری دنیا، بشمول پاکستان، میں دستیاب ہوگی۔

حبیب شہزاد کے مطابق، جب فلم بین الاقوامی مارکیٹ میں پہنچتی رہی تو ہالی وُڈ میں لوگوں کو حیرت ہوئی کہ جنوبی ایشیا، خاص طور پر پاکستان میں اس معیار کی سیریل کلر فلم بن سکتی ہے۔جُجّی معیار کے اعتبار سے دنیا کی کسی بھی کرائم فلم کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پاکستان