دنیا کے بڑے انٹرنیٹ نیٹ ورک کلاؤڈ فلیئر اچانک خرابی پیدا ہوئی جس سے دنیا بھر کی ٹریڈنگ ویب سائٹس اور ایپس بند ہوگئیں۔ کمپنی نے تصدیق کی کہ وہ اس وقت اندرونی تکنیکی مسئلے کا سامنا کر رہی ہے، جس کے باعث کنیکٹویٹی میں شدید خلل پڑا ہے۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق صرف 30 منٹ میں ایک ہزار سے زائد صارفین نے رپورٹس جمع کرائیں۔ زیرودھا، اینجل ون اور گروو جیسی ٹریڈنگ ایپس سب سے زیادہ متاثر ہوئیں۔
صارفین کو لاگ اِن ، آرڈر کرنے اور لائیو مارکیٹ ڈیٹا لوڈ نہ ہونے کی شکایات رہیں ۔ اس کے ساتھ ہی بُک مائی شو اور کینوا جیسے معروف پلیٹ فارمز میں بھی مسئلے رپورٹ ہوئے، کیونکہ ان کی بیک اینڈ کنیکٹویٹی کلاؤڈ فلیئر کی سروسز پر ہی چلتی ہے۔
کلاؤڈ فلیئر نے خرابی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیش بورڈ اور اے پی آئی میں مسئلے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی پچھلے مہینے کلاؤڈ فلیئر کا ایک بڑا بریک ڈاؤن سامنے آیا تھا، جس سے چیٹ جی پی ٹی ، اسپوٹی فائی اور کینوا جیسی بڑی عالمی سروسز بند ہو گئی تھیں۔











