اہم ترین

ہنگامی صورتحال سے دوچار افراد کے لئے گوگل کا ایمرجنسی ویڈیو کال فیچر آگیا

ہنگامی صورتحال میں اکثر لوگ گھبراہٹ کے باعث نہ صحیح سے بات کر پاتے ہیں اور نہ ہی یہ سمجھا پاتے ہیں کہ اصل مسئلہ کیا ہے۔ اسی مشکل کو حل کرنے کے لیے گوگل نے اینڈروئیڈ میں ایک نیا اور انتہائی کارآمد فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا نام ایمرجنسی لائیو ویڈیو ہے۔ یہ فیچر ایمرجنسی کے وقت مدد حاصل کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دے گا۔

گوگل کے مطابق ایمرجنسی میں صارف ڈسپیچر کو کال کرتا ہے تو سامنے والا (مددگار) صارف کی موجودہ حالت دیکھنے کے لیے ویڈیو درخواست بھیج سکتا ہے۔ جسے قبول کرتے ہی ڈسپیچر کو آپ کا لائیو ویڈیو دکھنا شروع ہو جائے گا۔

اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ اسے استعمال کرنے کے لیے کوئی اضافی ایپ، سافٹ ویئر یا سیٹ اپ کی ضرورت نہیں پڑتی۔ موبائل اسکرین پر محض ایک سادہ سا نوٹیفکیشن آئے گا، جسے قبول کرتے ہی ویڈیو چل پڑے گی۔

جب تک مدد پہنچتی رہے، ڈسپیچر ویڈیو کے ذریعے جیسے سی پی آر یا دیگر جان بچانے والی فوری ہدایات دے کر رہنمائی بھی کر سکے گا۔

گوگل نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ویڈیو اسٹریم اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوگی، یعنی نہ کوئی تیسرا شخص اور نہ خود گوگل اس ویڈیو کو دیکھ سکے گا۔ صارف اپنی مرضی سے جب چاہے ویڈیو بند بھی کر سکتا ہے۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ 8 اور اس سے نئے ورژنز میں دستیاب ہے۔

فی الحال یہ سہولت امریکا، جرمنی اور میکسیکو میں جاری کی گئی ہے، تاہم جلد ہی اسے دیگر ممالک میں بھی لایا جائے گا۔ گوگل کا ماننا ہے کہ یہ فیچر ایمرجنسی حالات میں لوگوں کی جان بچانے میں بڑا کردار ادا کر سکتا ہے۔

پاکستان