پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو موقع دیا تو 10 کام ترجیحی بنیادوں پر کروں گا۔
گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عوامی راج قائم کرنے کیلئے پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنائے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکن الیکشن کی تیاری کریں، دما دم مست قلندر ہوگا، آپ کو مجھے جتوانا ہے، مجھے اکثریت چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام، مہنگائی، غربت، بیروزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں، اس کے لئے ہمیں آپس کی لڑائیاں چھوڑنی ہوں گی۔ عوام نے پیپلز پارٹی کو موقع دیا، تو 10 کام ترجیحی بنیادوں پر کروں گا۔
لائیو: شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 16 ویں یوم شہادت کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھی خدا بخش، لاڑکانہ میں جلسہ عام https://t.co/QYzhlNtAM6
— Pakistan Peoples Party – PPP (@PPP_Org) December 27, 2023
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے حکومت بنائی تو تنخواہیں دگنی کریں گے۔ عوام کو 300 یونٹ تک ماہانہ بجلی مفت کردیں گے۔ ہر بچے کی تعلیم تک رسائی یقینی بنائیں گے۔ ملک بھر میں مفت علاج کا نظام بنائیں گے۔غریبوں کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔
بلالو بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت میں آئےغربت مٹانے کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسیع کریں گے۔کسانوں کیلئے “ہاری کارڈ” جاری کریںگے۔مزدوروں کو “بینظیر مزدور کارڈ” دیں گے ۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو “یوتھ کارڈ” کے ذریعے مالی مدد فراہم کریں گے۔ “بھوک مٹاو پروگرام” شروع کیا جائےگا۔