اہم ترین

لگتا ہے ایسے ہتھکنڈے استعمال ہو رہے ہیں کہ انتخابات نہ ہوں، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے پی کے 91 ریٹرننگ افسر کو معطل کرنے کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل سماعت کے لیے منظور کر لی۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فاضل بینچ نے پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے پی کے 91 ریٹرننگ افسر کو معطل کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پشاور ہائی کورٹ کے جج نے نوٹس جاری کرنا بھی مناسب نہ سمجھا، یہ ہائی کورٹس سے کس قسم کے آرڈر جاری ہو رہے ہیں؟ آر او کوئی بھی ہو کیا فرق پڑے گا، بلاوجہ کی درخواستیں کیوں آرہی ہیں؟

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے شکایت گزار سے استفسار کیا کہ ’آپ اپنی مرضی کا ریٹرننگ افسر لگوانا چاہتے ہیں؟ ایک ریٹرننگ افسر بیمار ہوا دوسرا لگا دیا گیا، پشاور ہائیکورٹ نے تقرری کینسل کردی، ہم آپ کو جرمانہ کیوں نہ کریں کہ نوٹس کیے بغیر ہی تقرری کینسل کر دی۔‘

عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل فوری شروع کرے۔

پاکستان