اہم ترین

محمد رضوان کو قومی ٹیم میں نئی ذمہ داریاں مل گئیں

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد رضوان کو نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

31 سالہ رضوان نے 85 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2797 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور 25 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اسٹمپ کے پیچھے رضوان نے 41 کیچز اور 11 اسٹمپنگز لیے ہیں۔

نائبب کپتان مقرر ہونے پر محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان مینز T20I ٹیم کے نائب کپتان کے طور پر نامزد ہونا اعزاز کی بات ہے۔ یہ ذمہ داری سونپنے پر میں پی سی بی کا شکر گزار ہوں۔ ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کے لیے کپتان، کوچنگ اسٹاف اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔

پی سی بی نے ورلڈ کپ میں انتہائی خراب کارکردگی پر بابر اعظم کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 فارمیٹ میں قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

رضوان سے پہلے ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان تھے تاہم فٹنس مسائل اور خراب فارم کے باعث وہ اس وقت ٹیم کا حصہ نہیں۔

پاکستان