اہم ترین

اسلام آباد میں کیے گئے فیصلوں کا بوجھ ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے: بلاول

پاکستان پیپلز پارتی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کیے گئے فیصلوں کی وجہ سے پاکستان میں تاریخی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت ہے۔ اس کا بوجھ ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے۔

نوڈیرو میں تقریب سے خطاب کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کے عوام نے قربانیاں دے کر اے پی ایس پر حملے کرنے والی تنظیموں کو ختم کیا۔ ان دہشتگردوں میں دوارہ سر اٹھانے کی صلاحیت ہی نہیں تھی ۔ لیکن ہم نے بطور ریاست عوام کی قربانیوں پر سمجھوتہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ریاست نے دہشت گردوں کو فاٹا میں آباد ہونے کی پیشکش کی گئی۔ انہیں کہا کہ کراچی میں اپنا گھر بنائیں۔ جب ہم کابل جا کر چائے پی رہے تھے تب ہم نے سوچا ہی نہیں ہمارے فیصلے کے تنیجے میں پاکستان کو کیا بوجھ اٹھانا پڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا جو ہتھیار اور اسلحہ ایک زمانے میں امریکا افغانستان میں طالبان کے خلاف استعمال کر رہا تھا اب دہشتگردوں کے پاس پاکستان میں وہی ہتھیار ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنا بڑا معاشی بحران کبھی نہیں آیا۔اس وقت کسی کو کوئی دلچسپی نہیں کہ عوام کتنے تکلیف میں ہیں۔ ان کو اندازہ نہیں اسلام آباد میں کیے گئے فیصلوں کا اثر کیا ہوتا ہے، ان فیصلوں کی وجہ سے تاریخی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت پاکستان میں ہے۔ اس کا بوجھ ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے ۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں ایک طرف معاشی تو دوسری طرف معاشرتی بحران پیدا کیا گیا، معاشرے میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کا اثر ہر گھر تک پہنچ رہا ہے۔ جو آج سمجھتا ہے کہ ان کے مخالف کے ساتھ کچھ ہو رہا ہے، انھیں سمجھنا چاہیے کہ کل ان کے ساتھ یہی ہوگا۔ کسی کو کوئی فکر نہیں کہ سیاسی عدم استحکام کس طرح ہمارے معاشی عدم استحکام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔

پاکستان