رنبیر کپور کی بلاک بسٹر فلم ‘اینیمل’ کی ریلیز کو ڈیڑھ ماہ سے زیادہ ہوگیا لیکن اس سے جڑے تنازعات اب تک ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ سینما گھروں کے بعد اب فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں لیکن اس پر پابندی کے مطالبات ہونے لگے ہیں۔ اس بار یہ مطالبہ باہر سے نہیں بلکہ فلم ہی کی ایک شریک پروڈیوسر کمپنی نے کیا ہے۔
سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بنی فلم اینیمل باکس آفس پر زبردست ہٹ رہی تھی۔ لیکن فلم اپنی کہانی، ہیرو کے انداز اور مکالموں کی وجہ سے مسلسل تنازعات میں رہی ہے۔ فلم کے کئی مناظر پر اعتراضات اٹھائے گئے۔ اس کے باوجود فلم کی کمائی پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
فلم نے لگاتار ایک ماہ تک باکس آفس پر زبردست کلیکشن کیا اور 900 کروڑ کے کلب میں اپنی جگہ بنا لی۔
اینیمل کو معروف فلم ساز ادارے ٹی سیریز اور سینے 1 اسٹوڈیوز (Cine-1 Studios) نے مشترکہ طور پر بنایا ہے۔
فلم 26 جنوری کو او ٹی ٹی پر ریلیز ہونے والی تھی۔ لیکن سینے 1 اسٹوڈیوز نے ٹی سیریز کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔ جس مٰں کہا گیا ہے کہ کمپنی کو معاہدے کے مطاق منافع میں سے حصہ نہیں ملا ۔ اس لئے معاملے کے تصفیے تک اس کی او ٹی ٹی پر ریلیز روکی جائے۔
عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں ٹی سیریز دلیل دی کہ سنے 1 اسٹوڈیوز کو 2.6 کروڑ روپے ادا کیے گئے، جس کا انہوں نے عدالت میں نہیں بتایا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔