ایران کی سکیورٹی فورسز نے پاکستانی سرحد کے اندر ایک گاؤں میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا ہے. جس میں 2 بچے جاں بحق جب کہ 4 بچیاں زخمی بھی ہوئی ہیں ۔۔۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے گزشتہ رات رپورٹ کیا تھا کہ ایران نے بلوچ عسکریت پسند گروپ جیش العدل کے دو اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں میں تباہ کر دیا۔ یہ ٹھکانے پنجگور کے علاقے سبز کوہ میں تھے۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے بتایا ہے کہ جیش العدل کے ٹھکانوں پر حملے کے ایک روز پہلے ایران نے عراق اورشام میں بھی چند اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔
پاکستان کا موقف
پاکستان نے ایران کے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اسے فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خودمختاری کیخلاف ورزی ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔ اس سے زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ ایران نے باہمی رابطوں کے متعدد چینلز ہونے کے باوجود یہ اقدام اٹھایا ہے۔ اس کے نتائج کی ذمہ داری پوری طرح سے ایران پر عائد ہوگی۔
پاکستان کی خودمختاری کی اس صریح خلاف ورزی کی شدید مذمت کرنے کے لیےایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا ہے۔