جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ دوسروں کے اے سی اتارنے والے آج جیل میں سہولتیں مانگ رہے ہیں۔
بنوں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم سب مسلمان ہیں، مسلمان ہونے کے ناطے ہم کلمہ بھی پڑھتے ہیں زکوٰۃ بھی دیتے ہیں، اس کے باوجود آج ہمیں ایک حقیر نظر سے دنیا میں دیکھا جا رہا ہے، پاکستان میں روز بروز بدامنی بڑھتی جا رہی ہے، امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو رہا ہے۔
عمران خان کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک آدمی آتا ہے اور یہودی ایجنڈا لاتا ہے مگر ہم نے اس کو روکا، آج ہماری سالانہ ترقی کو اس شخص نے منفی تک پہنچایا۔ پاکستان کو یہ شخص 7 ٹکڑوں میں تقسیم کرنا چاہتا تھا۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ تہذیب کا دشمن اقتدار سے محروم ہونے کے بعد جیل میں پڑا ہے وہ جو کہتا تھا کسی کو بی کلاس نہیں ملے گی اے سی اتاروں گا، آج کبھی کہتا ہے، مجھے سائیکل دی جائے اور کبھی کسی اور سہولت کا مطالبہ کرتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نواز شریف اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف کیس بنتے تو کہا جاتا قانون کا تقاضا ہے اور اب جب خود مقدمات کا سامنا ہے تو کہتے ہیں یہ جھوٹے مقدمے ہیں۔