اہم ترین

میاں صاحب پیپلز پارٹی کے لوگوں کوتنگ کر رہے ہیں: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب نہ صرف دوسرے لوگوں کو بلکہ پیپلز پارٹی کے لوگوں کو بھی تنگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

برطانوی نیوز ویب سائیٹ انڈیپینڈینٹ اردو کو دیئے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں انتخابی مہم چلا رہی ہے۔ ہم نے سب سے پہلے انتخابی مہم کا آغاز کیا، سب سے پہلے منشور دیا۔ حالیہ عام انتخابات کی مہم کے دوران ہمیں عوامی سطح پر ماضی کے مقابلے میں اچھا ردعمل مل رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے مقابلے میں موجود دونوں سیاسی جماعتیں ایک ہی قسم کی سیاست کر رہی ہیں۔ وہ اشرافیہ کے مفادات کا خیال رکھنے والی معاشی پالیسیوں پر کاربند ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خان صاحب اور میاں صاحب کی پاکستان میں تقسیم کی سیاست ذاتی دشمنی میں بدل گئی ہے۔میں پاکستان میں اس تقسیم کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔ اگر ہمیں معیشت، جمہوریت اور دہشت گردی کے مسائل حل کرنے ہیں تو پہلے اس تقسیم کو بخار کو توڑنا ہو گا۔ان تمام معاملات کو حل کرنے کے لیے میں بہترین پوزیشن میں ہوں۔

نواز شریف سے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس روپ میں میاں صاحب اس بار سامنے آ رہے ہیں، یہ وہ چارٹر آف ڈیموکریسی والے میاں صاحب نہیں ہیں۔ یہ ووٹ کو عزت دو والے میاں صاحب بھی نہیں ہے۔ یہ وہی پرانے آئی جے آئی والے میاں صاحب ہیں جن کا ساتھ دینا میرے لیے مشکل ہے۔ اگر انہوں نے اسی قسم کی پرانی سیاست کرنی ہے تو میں اس پرانی سیاست کا ساتھ نہیں دے سکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے 2022 میں اس وقت کے قائد حزب اختلاف کے ساتھ مل کر حکومت بنائی، اس حکومت کے قائد حزب اختلاف راجا ریاض اس وقت ن لیگ کے ٹکٹ پر لڑ رہے ہیں۔ میاں صاحب نہ صرف دوسروں بلکہ پیپلز پارٹی کے لوگوں کو بھی تنگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان