اہم ترین

پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام یقینی بنانے کی ضرورت ہے: وائٹ ہاؤس

امریکی ایوان صدر”وائٹ ہاؤس” کی ترجماان کیرین یاں پیئرن کا کہنا ہے کہ ہم مسلسل پاکستانی حکومت اور سیاسی جماعتوں کو عوامی اور نجی سطح پر واضح طور پر بتاتے رہتے ہیں کہ عوام کی مرضی کا احترام اور شفاف انتخابی عمل یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کیرین یاں پیئرن کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے لاکھوں پاکستانی شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے نکلے ، جن میں پاکستانی خواتین، اقلیت اور نوجوان ووٹرز کی ریکارڈ تعداد شامل تھی۔

امریکی صدر کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی عوام کو گزشتہ ہفتے کے انتخابات میں حصہ لینے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ہمیں ہم خیال جمہوری نظام کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکہ نے پاکستان کے انتخابی عمل میں مبینہ بد عنوانی کے الزامات کی مکمل تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا ۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا تھا کہ ہم نے انتخابی عمل میں مبینہ گڑ بڑ پر اپنے تحفظات کا اظہار سرکاری اور نجی سطح پر کیا ہے۔ ہم اس سلسلے میں یورپی یونین، برطانیہ اور دیگر ممالک کی تشویش کی تائید بھی کرتے ہیں۔

پاکستان