اہم ترین

عمران خان سمیت اڈیالہ جیل کے تمام قیدیوں کی ملاقاتوں پر پابندی

چند روز قبل اڈیالہ جیل پر حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کعرنے کے بعد اب محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان سمیت تمام قیدیوں کی ملاقاتوں پر دو ہفتوں کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

پنجاب حکومت کے نوٹی فکیشن کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے سبب راولپنڈی میں اڈیالہ جیل، میانوالی، اٹک اور ڈی آئی خان جیل انتظامیہ کو سخت حفاظتی انتظامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جیلوں کی سیکیورٹی سخت اور جیل آنے جانے والے افراد کی چیکنگ کی جائے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان کے علاوہ تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، پرویز الہی بھی قید ہیں۔

دوسری طرف پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات پر پابندی قابلِ مذمت ہے۔ پابندی سے قبل ان کے اہلِ خانہ اور وکلا کو آگاہ کرنا ضروری تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرہ ان سے ہے جن کی وہ تحویل میں ہیں۔ عمران خان عام قیدی نہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سے بدھ کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔ اس ملاقات کے بعد تحریکِ انصاف مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

پاکستان