بھارتی ٹینس اسٹار اور شعیب ملک کی سابق اہلیہ ثانیہ مرزا نے طلاق کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں کہا ہے کہ ماں بننے کے بعد ان کو صبر کرنا آگیا ہے۔
بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ زندگی میں پیسے اور شہرت کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں لیکن اس سے بھی اہم یہ ہے کہ آپ کے ساتھ مشکل وقت میں کون کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ کو خود پر حاوی ہونے نہیں دیتیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ انسان بہت کچھ سیکھ جاتا ہے ۔ ان میں بھی کئی تبدیلیاں آئی ہیں۔ماں بننے کے بعد انہوں نے صبر اور برداشت سیکھ لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ایک عورت ماں بنتی ہے تو کئی مقامات پر صبر کے علاوہ کوئی چارا نہیں ہوتا، پہلے وہ بہت جذباتی ہوا کرتی تھیں لیکن اب وہ کوئی بھی فیصلہ کرنے اور بولنے سے پہلے سوچتی ہیں۔ اس تبدیلی پر مجھے خوشی ہے۔
بھارتی اسٹار نے کہا کہ ہر شخص کی اپنی رائے اور پسند ناپسند ہوتی ہے۔ کوئی بھی انسان ہر ایک کا پسندیدہ نہیں ہوسکتا۔ یہاں تک کے ایک گھر میں بھی سب ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتے۔ جب ایک گھر کے افراد کی رائے مختلف ہے تو پھر ہر دنیا بھر لوگوں کو کیا کہیں گے۔











