مائیکروسافٹ نے اینڈرائیڈ صارفین کو انتباہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے دو ایپس ڈاؤن لوڈ کی ہیں تو اسے فوری طور پر ڈیلیٹ کردیں ورنہ انہیں اس کا بھاری نقصان بھی ہوسکتا ہے۔
ٹیک انڈسٹری میں صف اول کا نام مائیکرو سافٹ نے اپنے الرٹ میں کہا ہے کہ Xiaomi اور WPS Office نامی دو ایپس ایسی ہیں ، جو صارفین کے فون کی سیٹنگز میں چھیڑ چھاڑ کرکے ہیکرز کو ڈیوائس تک رسائی بھی دے سکتی ہیں۔ اس طرح اسمارٹ فون میں موجود تمام ڈیٹا کو ہیکر آسانی سے ہیک کرسکتا ہے اور اس کا غلط استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے مطابق Xiaomi کو اب تک ایک ارب مرتبہ جب کہ WPS Office کو 50 کروڑ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے۔ اسی لئے مائیکروسافٹ کی تھریٹ انٹیلی جنس ٹیم نے اسے ڈرٹی اسٹریم اٹیک کا نام دیا ہے۔
مائیکرو سافٹ نے مزید کہا ہے کہ دونوں ایپس میں موجود تکنیکی خرابی کو ٹھیک کر دیا گیا ہے۔ اس لئے وہ انہیں اپنے موبائل فون پر فوری طور پر اپ ڈیٹ کریں۔
ٹیک کمپنی کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون استعمال کرنے والے کچھ اہم باتوں کا خیال رکھ کر خود کو ہیکرز سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ سب سے پہلا اور اہم کام یہ ہے کہ آپ گوگل پلے اسٹور سے اپنی ایپس کو وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کریں۔
اس کے علاوہ جب بھی آپ کوئی بھی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں تو ہمیشہ کسی بھروسہ مند ذریعہ سے ایپس ڈاؤن لوڈ کریں۔ ایپس کو اجازت دیتے وقت یہ ذہن میں رکھیں کہ کیا واقعی اس ایپ کو اجازت کی ضرورت ہے؟ اگر آپ انجانے میں کسی غلط ایپ کو اجازت دیتے ہیں تو ہیکرز کو ڈیوائس تک رسائی مل جاتی ہے۔











