پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے انجری سے صحتیابی ان کے لئے بہت بڑی نعمت ہے۔
برطانیہ کے شہر کارڈف میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے زخمی تھے لیکن اگر آپ کو خود پر بھروسہ ہو تو یہی انجری آپ کے لئے نعمت بن جاتی ہے، کیونکہ آپ کو ٹھیک ہونے اور منصوبہ بندی کے لئے وقت مل جاتا ہے۔
حارث رؤف نے کہا کہ میں خود کو بہت بہتر محسوس کررہا ہوں، ایک کھلاڑی کے لئے ان فٹ ہوکر واپسی کرنا بہت بڑی جدو جہد ہوتی ہے ، جب ایک فاسٹ بولر ٹھیک ہوکر واپس آتا ہے تو اس کے لئے رفتار اور درستگی کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔ جب وہ ٹیم سے باہر تھے اور فٹنس کی کوششیں کررہے تھے تو ان کے پاس اپنے کھیل کے بارے میں سوچنے اور خود پر محنت کرنے کے لئے کافی وقت تھا۔
قومی پیسر نے مزید کہا کہ اپنے ملک کے لئے کھیل کر آپ بہت فخر محسوس کرتے ہیں ۔ شکر ہے کہ ان کی واپسی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے ہوئی ہے۔
انگلینڈ سے دوسرا ٹی ٹوئنٹی ہارنے پر حارث رؤف نے کہا کہ شکست سے دل تو دکھتا ہے لیکن ایک ٹیم کے طور پر ہم پر اعتماد ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہم کسی بھی وقت کسی بھی حریف ٹیم کو ہرا سکتے ہیں اور ہم ایسا کئی مرتبہ کرچکے ہیں۔
پیسر کا کہنا تھا کہ جب آپ غلطیاں کرتے ہیں تو سکھیتے ہیں۔ کوشش کرتے ہیں کہ وہی غلطیاں دوبارہ نہ ہوں۔ ہم اگلے میچز میں اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے اور سیریز میں واپس آئیں گے۔ ہم اپنے گیم پلان پر عل کرنے کرنے کوشش کررہے ہیں۔