اہم ترین

ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی ہورہی ہے: پاک فوج فارمیشن کمانڈرز

پاک فوج کے فارمیشن کمانڈرز کا کہنا ہے کہ مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بیرونی سہولت کاروں کی مدد سے ریاستی اداروں بالخصوص افواج پاکستان کے خلاف ’ڈیجیٹل دہشت گردی‘ کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں 83ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی، جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

فورم کو جیو اسٹریٹجک صورت حال ، قومی سلامتی کے لیے ابھرتے چیلنجز اور کثیر جہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے فوج کی حکمت عملی کے بارے میں بتایا گیا۔ شرکاء کو فوج کو جدید بنانے اور فیلڈ فارمیشنز کے لیے لاجسٹک سپورٹ کو بہتر بنانے کے لیے تکنیکی اختراعات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

فورم نے افغانستان کی جانب سے سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں اور افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی کی منصوبہ بندی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مخالفین پاکستان کے اندر سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورن نے کہا کہ مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بیرونی سہولت کاروں کی مدد سے ریاستی اداروں بالخصوص افواج پاکستان کے خلاف ’ڈیجیٹل دہشت گردی‘ کی جا رہی ہے، اس کا مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا اور قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں لازم ہے کہ نو مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

پاکستان