سابق صدر مملکت اور پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوعی کہتے ہیں کہ پرویز مشرف کے دور میں اتنا ظلم نہیں ہوا جتنا آج ہورہا ہے۔
کراچی میں تحریک انصاف کے وکلا ونگ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران عارف علوی نے کہا کہ کبھی آپ کو نو مئی مل جاتا ہے تو کبھی حمود الرحمٰن کمیشن کھیلنے کے لیے مل جاتا ہے ، ہر کسی کو غدار بنا دیتے ہیں مولانا مودودی اور ولی خان کو بھی غدار بنایا گیا، پاکستان توڑنے نہیں دیں گے جو توڑنے آئے گا اسکے ہاتھ توڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حمود الرحمٰن کمیشن کی رپورٹ جو پڑھتا ہے اس پر ایف آئی آر ہو جاتی ہے ۔ حمود الرحمٰن ایک دیانت دار جج تھے انکے بیٹے آج بھی فیڈرل شریعت کورٹ کے جج ہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں اتنا ظلم نہیں ہوا جتنا آج ہورہا ہے، آپ بین الاقوامی طور پر بدنام ہیں، عمران خان پر الزام ہے کہ وہ نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں، سقراط پر بھی یہی الزام تھا کیونکہ چند لوگ نوجوانوں کے ٹھیکے دار بنے ہوئے ہیں
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے حمود الرحمٰن کمیشن پر پردہ ڈالا ۔ آپ نے انہین لٹکادیا، سول حکومتیں ہمشہ پردہ ڈالتی ہیں، پی ڈی ایم حکومت بھی پردہ ڈال رہی ہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ میں حل کی طرف جانا چاہتا ہوں میری بات وہاں تک پہنچائیں جہاں پہنچانا چاہتا ہوں ، اسٹیک ہولڈرز کو پہلے ٹیبل پر لایا جائے۔