اہم ترین

دوسرا ٹی20:پاکستان کو ریزا ہینڈرکس نے ہرادیا، سیریز بھی جنوبی افریقا کے نام

ریزا ہینڈرکس کی شاندار سینچری کی بدولت جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔

سینچورین کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 206 رنز بنائے جواب میں جنوبی افریقا نے ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر صرف 3 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔

اس طرح ناصرف پاکستان سیریز ہار گیا بلکہ جنوبی افریقا بھی کم و بیش 2 سال بعد کسی ٹی ٹوئنی سیریز کو اپنے نام کرسکا ہے۔

صائم ایوب کی بہتر بلے بازی

اننگز کا آغاز صائم اور رضوان نے روایتی انداز میں سست کھیل کر کیا۔ رضوان چوتھے ہی اوور میں 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد صائم ایوب اور بابر اعظم نے تیزی سے رنز بٹورنے شروع کئے۔ دونوں نے 87 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کی۔ بابر اعظم 31 رنز بنا کر جارج لنڈا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بابر کے جاتے ہی پاکستان کا مڈل آرڈر پھر لڑکھڑا گیا اور عثمان خان اور طیب طاہر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔اس مرحلے پر عرفان خان کریز پر آئے اور صائم ایوب کے ساتھ مل کر 73 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ 16 گیندوں پر 30 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

صائم ایوب آخری اوور میں موقع نہ ملنے کے باعث صرف دو رنز سے اپنی سینچری نہ بنا سکے۔ انہوں نے 57 گیندوں پر 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 98 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ریزا ہینڈرکس نے بازی پلٹ دی

جنوبی افریقا کے اوپنرز 207 رنز کے تعاقب میں میدان میں اترے تو دباؤ میں نظر آئے جس کا فائدہ جہانداد خان نے اٹھایا، اور پہلے ریان ریکلٹن اور پھر میتھیو بریٹزکے کو آؤٹ کر کے ابتدا میں مومینٹم گرین شرٹس کے حق میں کر دیا۔

لیکن اس کے بعد ریزا ہینڈرکس نے ساری کسر نکال دی۔ 54 گیندوں پر نو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔ ان کی اس اننگز میں ریسی وینڈر دوسن نے ان کا خوب ساتھ نبھایا اور دونوں کے درمیان 157 رنز کی شراکت داری بنی۔

دوسن نے 33 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ ریزا ہینڈریکس 63 گیندوں پر 117 رنز سمیٹ کر آؤٹ ہوئے۔ ریسی وینڈر دوسن 66 جب کہ ہینرک کلاسن 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان