امریکی ڈیوائسز بنانے والی کمپنی ایپل آنے والے ہفتوں میں کچھ مصنوعات لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جس میں آئی فون ایس ای 4 بھی شامل ہے۔
بلومبرگ کے تجزیہ کار مارک گورمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ آئی فون ایس ای 4 اگلے ہفتے لانچ کیا جا سکتا ہے۔ ایپل اس ہفتے کچھ نئی مصنوعات کا اعلان بھی کر سکتا ہے۔ کمپنی کے ویژن پرو، کو ایپل انٹیلی جنس خصوصیات کے ساتھ اپ گریڈ کیا جا سکتا ہے۔
مارک نے کہا ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں ایم 4 چپ سیٹ کے ساتھ میک بک ایئر کا نیا ورژن لانچ کیا جا سکتا ہے۔ ایپل نے تین سال قبل آئی فون ایس ای کا پچھلا ورژن لانچ کیا تھا۔ اس کے نئے ورژن میں اے 18 چپ سیٹ دیا جا سکتا ہے۔
حال ہی میں ٹپسٹر ایون بلاس نے بتایا تھا کہ آئی فون ایس ای 4 کی اسکرین کے اوپری حصے میں بیضوی شکل کی جگہ ہے جو الرٹس اور اطلاعات دکھاتی ہے۔ یہ ڈائنامک آئی لینڈ آئی فون 16 سیریز جیسا ہو سکتا ہے۔ اس اسمارٹ فون میں ایپل انٹیلی جنس فیچرز بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ ایس ای 4 میں چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ اپ گریڈ شدہ سری شامل ہونے کا امکان ہے۔
آئی فون ایس ای کے موجودہ ورژن کی قیمت تقریباً 430 ڈالر ہے۔ آئی فون ایس ای 4 میں فیچرز کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ جس کی وجہ سے اس کی قیمت قدرے مہنگی ہونے کا بھی امکان ہے۔ یہ اسمارٹ فون تقریباً 500 ڈالر میں لانچ کیا جا سکتا ہے۔











