اہم ترین

سعودی عرب میں حج انتظامات؛غیر ملکیوں کو 29 اپریل تک اپنے ملک لوٹنے کا حکم

سعودی عرب نے حج سیزن کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دینی شروع کردی ہے ۔ مکہ میں داخلے کے لیے 23 اپریل سے پرمٹ کی شرط پرعمل درآمد کا آغاز ہو گا۔

سعودی خبر ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں عمرہ ویزے پر موجود غیرملکیوں کو چاہیے کہ وہ 29 اپریل تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں بصورت دیگر اسے خلاف ورزی شمار کیا جائے گا۔

وزارتِ داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ 23 اپریل کے بعد سے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں مقیم غیرملکیوں کو مکہ جانے کے لیے پرمٹ درکار ہوگا بصورت دیگر انہیں چیک پوسٹ سے لوٹا دیا جائے گا۔

وہ غیرملکی جن کے اقامے مکہ شہر سے جاری ہوئے ہیں انہیں پرمٹ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ایسے غیرملکی جنہیں کام کی غرض سے مکہ یا مشاعر مقدسہ جانا ہوتا ہے انہیں کام کی نوعیت کے اعتبار سے ’ابشر‘ یا ’مقیم‘ پورٹل سے پرمٹ جاری کرانا ہوگا۔

خلیج تعاون کونسل کے شہری یا مملکت میں دیگر ویزوں (عمرہ کے علاوہ) پر مقیم غیرملکیوں کے لیے ’نسک ‘ پورٹل کے ذریعے عمرہ پرمٹ کا اجرا 29 اپریل 2025 سے بند کردیا جائے گا جو 10 جون 2025 تک بند رہے گا۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ حج ویزے کے علاوہ تمام اقسام کے ویزوں پر مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو حج سیزن کے آغاز (29 اپریل) سے ہی مکہ میں رہائش اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی سہولت اور امن وسلامتی کے پیش نظر ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن پر عمل کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ قواعد کی خلاف ورزی پر مقررہ سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پاکستان