یمنکے حوثی باغیوں نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے سب سے مصروف ایئرپورٹ پر میزائل داغے ہیں جس کے بعد درجنوں غیر مملکی ایئرلائنز نے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا ہے۔ حملے کے بعد اسارئیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے حوثیوں کو ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو بن گوریان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک میزائل گرا جو ممکنہ طور پر یمن سےداغا گیا تھا۔
میزائل گرنے کے بعد درجنوں یورپی اور امریکی ہوائی کمپنیوں نے اگلے کئی دنوں کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ جنوری میں حماس سے جنگ بندی معاہدے کے بعد غیر ملکی ہوائی کمپنیوں نے اسرائیل کے لیے پروازیں ڈیرھ سال بعد دوبارہ شروع کر دی تھیں۔
بن گوریان ایئرپورٹ کے سربراہ اُدی بار اوز نے کہا کہ قریبی سڑک پر میزائل گرنے کے 30 منٹ سے بھی کم وقت میں ایئرپورٹ کا انتظام دوبارہ بحال کر دیا گیا تھا۔ آئندہ دنوں میں پروازوں کے نقصان کو کم کرنے کے لیے ہوائی کمپنیوں سےمسلسل رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک بار پھر جارحانہ لہجہ اختیار کرتے ہوئے حوثیوں اور حماس کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
نیتن یاہو نے اپنے وڈیو بیان میں واضح کیا کہ اسرائیل حوثیوں کے خلاف اسی طرح کارروائی کرے گا جیسے پہلے کر چکا ہے۔ یمن میں موجود حوثی ملیشیا کے خلاف امریکا کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مزید حملے کئے جائیں گے۔
انہوں نےدعویٰ کیا کہ اسرائیل نے شام کے سابق صدر بشار الاسد کا دھڑن تختہ کیا اور لبنان میں حزب اللہ کو ختم کر دیا۔ حماس تباہی کےقریب ہے اور اب حوثیوں کی باری ہے۔