اہم ترین

ٹرمپ نے جاپان سمیت 14 ممالک پر بھاری ٹیکس عائد کردیئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا، جاپان، میانمار، لاؤس، جنوبی افریقا، قازقستان، بنگلا دیش اور ملائیشیا سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کئی پوسٹس کے ذریعے 14 ممالک کی مصنوعات پر بھاری درآمدی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے اپنے فیصلے کو امریکا اور ان ممالک کے درمیان تجارتی خسارے کو کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

ٹرمپ کی جانب سے ‘قبول کریں یا چھوڑ دیں’ کے الٹی میٹم کے ساتھ ان ممالک کو ٹیرف لیٹر جاری کیے گئے ہیں۔ جس کا مقصد مذاکرات میں تیزی لانا اور ٹیرف کے نظام کو آگے بڑھانا ہے۔

امریکی صدر نے زور دیا کہ یہ ٹیرف کی شرحیں تجارتی خسارے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے درکار شرحوں سے بہت کم ہیں۔ امریکا ان ممالک کے ساتھ تجارت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ یہ زیادہ منصفانہ اور متوازن ہو۔

دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ کے اس نئے اعلان کے بعد امریکی مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی۔ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی ہوئی۔ ڈاؤ جونز اور ایس اینڈ پی 500 1 فیصد سے زیادہ گر گئے۔ ڈاؤ 1.13 فیصد یا 505 پوائنٹس گر کر 44,322.82 پر تھا، جبکہ ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 58 پوائنٹس یا 0.95 فیصد گر کر 6243 پوائنٹس پر آگیا۔ تاہم مارکیٹ آہستہ آہستہ بحال ہو رہی تھی۔

پاکستان