ایران کے وزیر خارجہ سعید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار رہا ہے اور آگے بھی رہے گا۔
ایرانی اسٹوڈنٹس نیوز ایجنسی کےمطابق غیر ملکی سفیروں اور نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے دوران سعید عباس عراقچی نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اگر بات چیت دوبارہ شروع ہوتی ہے، تو اس سے امریکا یا دیگر فریقوں کی طرف سے جنگ کی صورت حال پیدا نہیں ہوگی۔
سعید عباس عراقچی نے کہا کہ حالیہ اسرائیل ایران تنازع نے ثابت کر دیا ہے کہ سفارت کاری اور مذاکرات اور اتفاق رائے سے حل تلاش کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے میں اسرائیل کی مدد کر کے اور پھر ایرانی جوہری تنصیبات کو براہ راست نشانہ بنا کر امریکہ نے سفارت کاری اور مذاکرات سے غداری کی ہے۔
ایران کےوزیر خارجہ نے کہا کہ اگر امریکہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہے تو اسے اس بات کی ضمانت دینا ہوگی کہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔