اسرائیل نے اپنا نیا ہائپر سونک میزائل ڈیفنس سسٹم ایرو 4 تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سسٹم کسی بھی ہائپر سونک میزائل کو روکنے اور تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایران سے حالیہ جنگ کےدوران اسرائیل کےمشہور زمانہ فضائی دفاعی نظام کا پول کھل گیا ہے۔ ایران کے ہائپر سونک میزائل نے دارالحکقومت تل ابیب کے سب سے محفوظ علاقوں اور صیہونی وزیر اعظم کے حفاظتی بنکر تک کو نشانہ بنایا۔
ایران کے میزائلوں کی پہنچ کو دیکھتے ہوئے اسرائیل نے مزید جدید ہائپر سونک میزائل ڈیفنس سسٹم ایرو 4 تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جو کسی بھی ہائپر سونک میزائل کو روکنے اور تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز (آئی اے آئی) کے سی ای او بواز لیوی نے کہا کہ ایرو 4 جلد ہی فعال ہو جائے گا۔ ایرو 4 کی آزمائش اگلے دو سال میں شروع ہو جائے گی تاہم اگر خطرہ بڑھتا ہے تو اسے جلد آپریشنل کیا جا سکتا ہے۔
ہائپرسونک میزائل آواز کی رفتار سے پانچ گنا تیزی سے اپنے ہدف کی جانب بڑھتے ہیں ۔ اپنےہدف کونشانہ بنانے کے لئے یہ میزائل ہوا میں اپنی سمت بدل سکتے ہیں۔ انہیں روکنا یا تباہ کرنا روایتی میزائل ڈیفنس سسٹم کے لیے تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔ چین، روس، ایران اور شمالی کوریا جیسے ممالک کی بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی سے یہ خطرہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔
حالیہ پاک بھارت اور ایران اسرائیل جنگ میں ثابت ہوا کہ امریکا کے پیٹریاٹ پیک 3، تھاڈ اور روس کے ایس 400 جیسے دفاعی نظام ہائپر سونک میزائلوں کو ٹریک اور تباہ کرنے کے قابل نہیں۔