اہم ترین

خیبرپختونخو اسمبلی مخصوص نشستوں پر ارکان نے حلف اٹھالیا

خیبر پختونخوااسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی سے گورنر فیصل کریم کنڈی نے اراکین سے حلف لے لیا۔

مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کے لئے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا تاہم حکومتی ارکان نے کورم کی نشاندہی کردی ۔ جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا۔

اسپیکر کی جانبسے اجلاس ملتوی کئے جانے کے بعد گورنر خیبر پختونخوا نے حلف برداری کی تقریب گورنرہاؤس میں منعقد کی۔

مخصوص نشستوں میں 21 خواتین اور چار اقلیتیں نشستیں شامل ہیں،جمیعت علمائے اسلام اور مسلم لیگ( ن ) کے سات ، سات اراکین نے حلف لیا، پیپلز پارٹی کے چار، اے این پی کے دو اور پی ٹی آئی (پی) کے ایک رکن نے حلف اٹھا لیا۔

مسلم لیگ( ن ) ارکان میں فرح خان،آمنہ سردار، فائزہ ملک، شازیہ جدون، جمیلہ پراچہ، افشاں حسین، سونیا حسین اوراقلیتی رکن سریش کمار شامل ہیں۔

پیپلز پارٹی کی مہر سلطانہ ،شازیہ طہماش، اشبرجدون، فرزانہ شریں اوراقلیتی رکن بیاری لال نے بھی حلف اٹھالیا۔

جمعیت علمائے اسلام( ف ) کی بلقیس، ستارہ آفرین، ایمن جلیل، مدیحہ گل، رابعہ شاہین، نیلو فربیگم، ناہید نور، اقلیتی ارکان عسکر پرویز اورکرپال سنگ نے بھی حلف اٹھایا۔

عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کی خدیجہ بی بی، شاہدہ وحید اور پی ٹی آئی پی کی نادیہ شیر بھی حلف اٹھانے والے اراکین میں شامل ہیں۔

حلف برداری کے بعد کے اسمبلی اراکین کی تعداد 145 مکمل ہو گئی ہے۔

پاکستان