اہم ترین

اے آئی کی وجہ سے ایمیزون کے سیکڑوں ملازم فارغ، ہزاروں کو نکالنے کی تیاریاں

ایمیزون ویب سروسز ڈویژن نے چند روز کے دوران اپنے کلاؤڈ یونٹ سے سیکڑوں ملازمین کوفارغ کردیا ہے۔ اور ایسا اے آئی کی وجہ سے ہوا ہے۔

ایمیزون سی ای او اینڈی جیسی نے کچھ ہفتے پہلے کہا تھا کہ اے آئی ایمیزون میں کچھ خاص عہدوں کی ضرورت کم کر دے گا۔آج جو کچھ کام کیے جا رہے ہیں، انہیں کرنے کے لیے ہمیں کم لوگوں کی ضرورت ہوگی اور دیگر قسم کے کام کرنے کے لیے زیادہ لوگوں کی ضرورت ہوگی۔

اینڈی جیسی کے بیان کے بعد ہی کمپنی میں چھانٹیاں شروع ہوئیں۔ ان برطرفیوں سے ٹریننگ اور سرٹی فکیشن یونٹ سمیت اے ڈبلیو ایس کا ہر شعبہ اور عہدہ متاثر ہوا ہے۔

ایمیزون میں یہ قدم کلاؤڈ اور بنیادی انفراسٹرکچر کی مارکیٹ میں بڑے تبدیلیوں کے باعث اٹھایا جا رہا ہے ، کیونکہ سخت مقابلہ، منافع میں کمی اور اے آئی پر مبنی کارکردگی کی طرف بڑھنے کے باعث کمپنیاں ملازمین کی تعداد اور مہارت کو مدنظر رکھتے ہوئے کم کرنے پر مجبور ہو رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایمیزون میں اے آئی ٹولز اور ایجنٹس کی تعداد میں وقتاً فوقتاً اضافہ ہو رہا ہے جو تیزی سے ملازمین کی نوکریوں کی جگہ لے رہے ہیں۔

ملازمتوں سےمتعلق بین الاقوامی سطح پر معروف تجزیہ کار امانڈا گڈال نے ایکس پر پیش گوئی کی ہے کہ اس سال کے آخر تک ایمیزون میں مزید ملازمتیں ختم ہونے کی توقع ہے۔ایمیزون ویب سروسز میں مجموعی طور پر 10 فیصد اور بڑے عہدوں پر تقریباً 25 فیصد کمی ہوسکتی ہے ۔

پاکستان