اہم ترین

غزہ میں غذائی قلت اور بھوک؛ 3 دن میں 21 بچے جاں بحق

غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سےہونےوالی اسرائیلی کارروائیوںاورناکہ بندی سے قحط کی صورت حال ہے۔ غذائی قلت اور بھوک سے تین دن میں 21 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق غزہ میں الشفا ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر محمد ابو اسلمیہ نے میڈیا کو بتایا کہ ادویات اور خوراک کی سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں بچے دم توڑ رہے ہیں۔ گزشتہ 3 روز میں مختلف اسپتالوں میں بھوک اور غذائی قلت کی وجہ سے ہونے والی طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے 21 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی حمایت یافتہ تنظیم ’غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن‘ (جی ایچ ایف) کی طرف سے خوراک کی تقسیم کے دوران ایک ہزار فلسطینی ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق منگل کے روز نئے اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید کم از کم 20 فلسطینی ہلاک ہو گئے، جب کہ اسرائیلی فوج نے وسطی شہر دیر البلح میں اپنی زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

یورپ کے 28 ممالک نے غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے جنگ کے فوری خاتمے اور امداد کی آزادانہ فراہمی کا مطالبہ کیا، مگر جرمنی اس مشترکہ بیان میں شامل نہیں ہوا۔ جرمن چانسلر فریڈرش میرس پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف سخت موقف اپنائیں۔

پاکستان