اہم ترین

نوکیا کو اپنے موبائل بنانے اور بیچنے کے لئے پارٹنرز کی تلاش

کبھی موبائل فونز کے مارکیٹ میں بڑی حصے داری رکھنے والی نوکیا اپنے فونز کی مینوفیکچرنگ کے لیے پارٹنرز کی تلاش کر رہی ہے۔

ریڈیٹ پر ایک پوسٹ میں نوکیا کے کمیونٹی مینیجر نے موبائلز کے ایسے بڑے مینوفیکچررز سے کمپنی کی ویب سائٹ کے ذریعے رابطہ کرنے کے لیے کہا ہے جو ان کے ساتھ پارٹنرشپ کرنا چاہتے ہیں۔

اس سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ کمپنی اپنی برانڈنگ کے ساتھ اسمارٹ فونز کی فروخت کے طریقوں پر غور کر رہی ہے۔ایچ ایم ڈی گلوبل کے ساتھ نوکیا کا 10 سال کا لائسنسنگ معاہدہ اگلے سال ختم ہو رہا ہے۔ تاہم، ایسا ہو سکتا ہے کہ اس معاہدے کو تجدید کیا جائے۔

ایچ ایم ڈی گلوبل کی شروعات 2016 میں نوکیا کے سابق ایگزیکٹوز نے کی تھی۔ ان کا مقصد نوکیا کے برانڈ کو دوبارہ مقبول بنانا تھا۔ اس کے لیے ایچ ایم ڈی نے نوکیا کے فونز کی مینوفیکچرنگ اور مارکیٹنگ کے لیے 10 سال کا لائسنسنگ ایگریمنٹ کیا تھا۔ نوکیا کے فونز کو کچھ مدت کے لیے امریکی ٹیک کمپنی مائیکرو سافٹ نے لومیا برانڈنگ کے تحت بھی بیچا تھا۔

پچھلے سال فروری میں ایچ ایم ڈی گلوبل نے اپنی برانڈنگ کے ساتھ اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز لانچ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس نے اپنے اسمارٹ فونز سے نوکیا کی برانڈنگ ہٹا دی تھی اور اسے کچھ فیچر فونز تک محدود کر دیا تھا۔

آئندہ برس یعنی 2026 میں نوکیا کے پاس اپنے لائسنس کو کسی دوسرے موبائل مینوفیکچرر کو بیچنے کی اجازت ہوگی، جو اس کی برانڈنگ کے ساتھ اسمارٹ فونز کی مارکیٹنگ اور ڈسٹریبیوشن کر سکتا ہے۔

دوسری جانب نوکیا یا ایچ ایم ڈی گلوبل نے یہ معلومات فراہم نہیں کی ہیں کہ اگلے سال معاہدہ ختم ہونے کے بعد ان کا کیا منصوبہ ہے۔

نوکیا نے دو سال پہلے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس کی فروخت میں کمی آئی ہے لیکن اس کے پیٹنٹس لائسنسنگ معاہدے سے کمپنی بہتر حالت میں ہے۔ اس وجہ سے کمپنی کے لیے پیٹنٹس اور ٹیکنالوجیز کے لحاظ سے لائسنسنگ اہم ہے۔

پاکستان