سینیٹ اجلاس کے دوران وزات خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران 1 لاکھ 57 ہزار 960 گاڑیاں درآمد کی گئیں۔
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر عبدالقادر نے سوال کیا کہ تاجر دوست اسکیم کے تحت کتنے لوگ رجسٹر ہوئے اور ایف بی آر نے کتنا ٹیکس حاصل کیا۔
جس پر وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تاجر دوست اسکیم کے تحت دو لاکھ 80ہزار لوگ رجسٹر ہوئے۔ ہم نے 600 ارب روپے ریٹیلر سے ٹیکس جمع کیا ہے۔ ہمیں ریٹیلر سے ٹیکس کلیکشن بڑھانے ہیں۔ہمارا بنیادی ہدف گلی محلوں کی دکانوں کے پیچھے جانا نہیں ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں ایک لاکھ 57 ہزار 960 گاڑیاں درآمد کی گئیں۔ سال 2020 میں 19 ہزار 392 گاڑیاں درآمد کی گئیں۔ 2021 میں 36 ہزار 373 جبکہ 2022 میں 20 ہزار 173 گاڑیاں درآمد کی گئیں۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ سال 2023 میں 19 ہزار 530 جبکہ 2024 میں 38 ہزار 472 گاڑیاں درآمد کی گئی۔ جون 2025 تک 24 ہزار 20 گاڑیاں درآمد کی گئیں۔
جواب میں بتایا گیا کہ پانچ سالوں میں سب سے زیادہ جاپان سے 1 لاکھ 55 ہزار 288 گاڑیاں درآمد کی گئیں۔ جمیکا سے 1 ہزار 88 ،برطانیہ سے 865،جرمنی سے 257 گاڑیاں درآمد کی گئیں۔ اردن سے 173، امریکا سے 79، چین سے 65 جبکہ آسٹریلیا سے 48 گاڑیاں درآمد کی گئیں۔