گوگل کا ایک اور موبائل فون پھٹنے کا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے ۔ خاص بات یہ ہے کہ فون میں کمپنی کا نیا بیٹری-اوورہیٹنگ سیفٹی اپ ڈیٹ پہلے سے انسٹال تھا۔ یہ وہی فون ہے جس میں پچھلے مہینوں سے مسلسل اوور ہیٹنگ اور آگ لگنے کے چھوٹے بڑے معاملات سامنے آ رہے ہیں۔
ریڈٹ پر فوٹی مینیجر ایڈکٹ نامی صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے گوگل پکسل 6 اے اسمارٹ فون میں اس وقت چارجنگ کے دوران اچانک آگ لگ گئی۔ جب اس نے فون کو اسٹیم ڈیک کے لئے 45 واٹ چارجر پر لگایا ہوا تھا۔
صارف نے لکھا کہ چارجنگ کے تقریباً 15 منٹ بعد اچانک اس نے پلاسٹک جیسی جلنے کی بو کے ایک ہلکی سی آواز سنی۔ دیکھتے ہی دیکھتے فون کے اسکرین سائیڈ سے دھواں نکلنے لگا اور بیک کور بھی خراب ہو گیا۔
خاص بات یہ ہے کہ صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گوگل کی جانب سے پہلے جاری کردہ ایک بہت اہم اپ ڈیٹ کو بھی وقت پر انسٹال کر لیا تھا۔
یہ وہی اپ ڈیٹ تھا جس کے بارے میں گوگل کا دعویٰ تھا کہ یہ اوور ہیٹنگ کے مسئلے کو ختم کرے گا۔ گوگل نے اس سے پہلے عوامی طور پر تسلیم کیا تھا کہ پکسل 6 اے کی بیٹریوں میں اوور ہیٹنگ اور آگ کا خطرہ ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے نئے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس بھی جاری کیے۔
گوگل کے مطابق اگر فون چارجنگ کے وقت زیادہ گرم ہو، بیٹری پھول جائے یا عجیب بو آئے تو اس کا فوراً استعمال بند کر دینا چاہیے اور سروس سینٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔