اہم ترین

کینیڈا میں کپل شرما کے ہوٹل پر پھر فائرنگ؛ وجہ سلمان خان سےتعلق

بھارتی کامیڈین کپل شرما کےکینیڈا کے شہر سرے میں قائم ہوٹل میں ایک مرتبہ پھر فائرنگ ہوئی ہے۔ یہ ایک ماہ کے دوران ان کے ہوٹل پر کیا جانے والا دوسرا حملہ ہے۔ بھارتی ادارے اس کی بڑی وجہ کپل کا سلمان خان سے تعلق قرار دے رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرے میں واقع کپل شرما کے کیفے “کیپس کیفے” پر ایک ماہ کے اندر دوسری بار فائرنگ کی گئی ہے۔ تازہ ترین واقعے میں 25 گولیاں چلنے کی اطلاعات ہیں، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس سے قبل 10 جولائی کو بھی اس کیفے پر فائرنگ کی گئی تھی، پچھلی بار کی طرح اس بار بھی کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ کی ذمہ داری لارنس بشنوئی الائنس یعنی گولڈی ڈھلوں، انکت بدھو شیراں والا، جتیندر گوگی مان گروپ، کالا رانا، آرزو بشنوئی، ہری باکسر، شبھم لونکر اور ساحل دُہن نے لی ہے۔

بھارتی میڈیا انٹیلی جنس اداروں کے حوالے سے دعویٰ کررہا ہے کہ کپل شرما کی سلمان خان سے قریبی دوستی ہے۔ سلمان کپل کے ٹی وی شو کے پروڈیوسر بھی رہ چکے ہیں۔ کالے ہرن کے شکار کیس کے بعد لارنس گینگ کا اصل ہدف سلمان خان ہیں۔ لارنس گینگ کئی بار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے چکا ہے۔

حال ہی میں کپل شرما کے شو میں سلمان کا آنا لارنس گینگ اینڈ الائنس کو پریشان کر رہا ہے اور کپل شرما کو نشانہ بنا کر لارنس گینگ سلمان کے دیگر قریبی ساتھیوں کو خبردار کرنا چاہتا ہے۔

بھارتی اداروں کا کہنا ہے کہ لارنس گینگ اور اس کا پورا اتحاد پنجاب سے تعلق رکھتا ہے۔ کپل شرما کے شو ‘کامیڈی نائٹ ود کپل شرما’ میں ایک شحض نے سکھ مذہب پر مزاحیہ تبصرہ کیا۔ اس کے بعد کپل شرما کو دھمکیاں ملنا شروع ہوگئیں۔ اس کے بعد لارنس اور ان کے اتحادی گروہوں نے کپل شرما کو اس تبصرے پر نہ صرف دھمکیاں دیں بلکہ کینیڈا میں ان کے کیپس کیفے پر فائرنگ بھی کی۔

پاکستان