انسٹاگرام مسلسل اپنے پلیٹ فارم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے اپنے فیچرز کی فہرست میں توسیع کرتا رہتا ہے۔ حال ہی میں کمپنی نے ری پوسٹ، میپ اور فرینڈز ٹیب جیسے فیچرز شامل کیے ہیں۔ اب صارفین ایکس اور ٹک ٹاک کی طرح کسی بھی صارف کی ریل یا پوسٹ کو ری پوسٹ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین انسٹاگرام میپ کا استعمال کرکے اپنے منتخب دوستوں کے ساتھ اپنی لوکیشن بھی شیئر کر سکتے ہیں۔
انسٹاگرام کے بلاگ پوسٹ کے مطابق ریلز میں ایک نیا “فرینڈز” ٹیب بھی آیا ہے جہاں صارفین دیکھ سکتے ہیں کہ ان کے دوستوں نے کس مواد کو پسند کیا ہے، تخلیق کیا ہے، ری پوسٹ کیا ہے یا اس پر تبصرہ کیا ہے اور آسانی سے ان کے بارے میں بات چیت شروع کر سکتے ہیں۔ “فرینڈز” صارفین کو یہ دیکھنے میں مدد کرے گا کہ ان کے دوست کون سی ریلز بنا رہے ہیں۔
ری پوسٹ کے ساتھ صارفین پبلک ریلو اور فیڈ پوسٹ ریپوسٹ کر سکتے ہیں، جس سے صارفین کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ اپنی پسند کو شیئر کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ ری پوسٹ صارفین کے دوستوں اور فالوئرز کے فیڈ پر تجویز کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ صارفین کی پروفائل پر ایک الگ ٹیب میں بھی دکھیں گے، جس سے صارفین جب چاہیں اپنے ری پوسٹ پر جا سکیں گے۔
ری پوسٹ کا کریڈٹ اصل پوسٹ کرنے والے کو ملتا ہے۔ اگر آپ ایک کری ایٹر ہیں، تو اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ کا مواد کسی اور نے ریپوسٹ کیا ہے، تو وہ اس شخص کے فالوئرز کو تجویز کیا جا سکتا ہے، چاہے وہ لوگ آپ کو فالو نہ بھی کرتے ہوں۔ اس سے تخلیق کاروں کو زیادہ لوگوں تک پہنچنے کا موقع ملے گا۔
انسٹاگرام میپ کے ذریعے دوستوں کے ساتھ اپ ڈیٹ رہ سکتے ہیں۔ آپ اپنی آخری ایکٹیو لوکیشن اپنے منتخب دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں اور اسے کبھی بھی بند کر سکتے ہیں۔ آپ میپ کھول کر اپنے دوستوں اور پسندیدہ تخلیق کاروں کی جانب سے پوسٹ کیے جانے والے مواد کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔ لوکیشن شیئرنگ تب تک بند رہے گی جب تک آپ آپٹ-ان نہیں کرتے۔ اگر آپ دوستوں کے ساتھ لوکیشن شیئر کرتے ہیں، تو آپ کے پاس اس تجربے کو حسب منشا بنانے کے لیے کنٹرول ہیں۔