اہم ترین

بھارت کے لیے فضائی حدود بند؛ پاکستان کو2 ماہ 7 دن میں 4 ارب روپے سے زائدکا نقصان

وزیر دفاع وشہری ہوابازی خواجہ آصف کا کہناہےکہ پہلگام واقعےکے بعد 24 اپریل سے بھارتی طیاروں کے لئے پاکستانی فضائی حدود مکمل بند ہے اسی طرح بھارتی فضائی حدود بھی پاکستانی طیاروں کے لئےبند ہے۔

معرکہ حق کے بعد فضائی حدود کی بندش سے نقصانات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نےایوان کو بتایاکہ معرکہ حق کے بعد تمام بھارتی طیاروں کی پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی لگائی گئی، بھارت نے بھی پاکستان کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود بند کرنے سے یومیہ 100 سے 150 بھارتی طیارے متاثر ہوئے، بھارتی ائیر لائنز کے لیے فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی کو 24 اپریل سے 30 جون 2025 تک 4 اعشاریہ 1 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ 2019 میں فضائی حدود کی بندش کے نتیجے میں 7 اعشاریہ 6 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔

خواجہ آصف نےبتایا کہ فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستان کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑا تاہم قومی خود مختاری، دفاع اور وطن عزیز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نےکہا کہ اس وقت بھارت کے علاوہ پاکستان کی فضائی حدود تمام ائیر لائنز کے لیے دستیاب ہے، پاکستانی ائیر لائنز اور طیاروں پر بھی بھارتی فضائی حدود میں پرواز پر پابندی ہے۔

پاکستان