ٹی 20 انٹرنیشنل کو کرکٹ میں بیٹرز کا فارمیٹ کہا جاتا ہے۔ جو بیٹر جتنا جارحانہ انداز میں کھیلتا اورتیزی سے رنز بٹورتا ہے وہیں کامیاب بلے باز ہے۔ بہترین اسٹرائیک ریٹ کے معاملے میں آسٹریلیا کے ٹم ڈیوڈ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
گزشتہ روز جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کھیل دکھایا اور 17 رنز سے میچ جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کی تھی اور 20 اوورز میں 178 رنز بنائے، جس کے بعد جنوبی افریقی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 161 رنز ہی بنا سکی۔
ایک وقت آسٹریلیا کے 6 وکٹ 75 رنز پر گر گئے تھے لیکن اس کے بعد ٹم ڈیوڈ نے کرشمہ کیا اور ٹیم کے اسکور کو 178 رنز پر لے جانے میں کامیاب رہے اور 52 گیندوں پر 83 رنز کی اننگز کھیلی، اپنی اننگز میں ڈیوڈ نے 4 چوکے اور 8 چھکے لگانے میں کامیابی حاصل کی۔
ٹم ڈیوڈ کی دھواں دار اننگز کے دم پر آسٹریلیا نے 20 اوورز میں 178 رنز کا اسکور کھڑا کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ ٹم ڈیوڈ اب ٹی 20 انٹرنیشنل میں بہترین اسٹرائیک ریٹ رکھنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ ایسا کرکے انہوں نے موجودہ میں سوریا کمار یادو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سوریا کمار کا ٹی-20 انٹرنیشنل میں اسٹرائیک ریٹ 167.07 کا ہے تو وہیں، اب ٹم ڈیوڈ کا T20I میں اسٹرائیک ریٹ 167.37 کا ہو گیا ہے۔











