اہم ترین

غزہ میں اسرائیلی حملے میں الجزیرہ کے 5 صحافی شہید

غزہ میں الشفا اسپتال کے قریب اسرائیلی حملے میں معروف بین الاقوامی نیوز چینل الجزیرہ کے پانچ صحافی شہید ہوگئے ہیں ۔

الجزیرہ کی خبر کے مطابق اسرائیل نے الشفا اسپتال کے مرکزی دروازے پر قائم صحافیوں کے لیے مختص ایک خیمے کو نشانہ بنایا۔ ۔ حملے میں 7 افراد شہید ہوئے ۔ جن میں سے 5 ان کے ادارے سے تعلق رکھنے والے صحافی تھے۔

الجزیرہ نے کہا کہ حملے میں ان کے نامہ نگار انس الشریف اور محمد قرائیا کے علاوہ کیمرہ مین ابراہیم ظہیر، محمد نوفل اور مومین علیوا شہید ہوئے ہیں۔

حملے کے فوراً بعد اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ اس نے انس الشریف پر حملہ کیا تھا۔ ٹیلی گرام پر پوسٹ کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے لکھا کہ انس الشریف نے حماس میں دہشت گرد سیل کے سربراہ کے طور پر کام کیا تھا۔

اسرائیلی فورسز نے ہلاک ہونے والے دیگر صحافیوں میں سے کسی کا ذکر نہیں کیا۔

الجزیرہ کے منیجنگ ایڈیٹر محمد معوض کا کہنا ہے کہ انس الشریف ایک جانے پہچانے صحافی تھے جو غزہ کی پٹی میں دنیا کے لیے ’واحد آواز‘ تھے۔

پاکستان