اہم ترین

چھوٹا سائز اور اسمارٹ فیچرز : دنیا کے 5 حیرت انگیز موبائل فون

آج کل بڑی اسکرین والے بہترین اسمارٹ فونز کا زمانہ ہے لیکن چھوٹے اور کی پیڈ فیچر فونز کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔ ان کا ایک خاص صارف گروپ ہے جو ان فونز کو پسند کرتا ہے۔ یہ موبائل اپنے چھوٹے سائز کے باوجود کالنگ، میسجنگ اور کچھ معاملات میں کیمرہ جیسی سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں۔

یہاں ہم ایسے ہی 5 سب سے چھوٹے موبائل فونز کی بات کر رہے ہیں، جو نہ صرف تکنیکی طور پر دلچسپ ہیں، بلکہ بے حد ہلکے اور پورٹیبل بھی ہیں۔

زینکو ٹائنی ٹی1

یہ دنیا کا سب سے چھوٹا موبائل ہے، جس کی لمبائی صرف 46.7 ملی میٹر اور وزن محض 13 گرام ہے۔ اس میں 0.49 انچ کی او ایل ای ڈی اسکرین، 2 جی نیٹ ورک سپورٹ اور 300 کانٹیکٹ اسٹور کرنے کی سہولت ملتی ہے۔ اس کی 200 ایم اے ایچ بیٹری اسٹینڈبائی پر 3 دن تک چلتی ہے۔ یہ اتنا چھوٹا ہے کہ اسے آسانی سے جیب یا ماچس کے ڈبے میں رکھ سکتے ہیں۔

زینکو ٹائنی ٹی2

ٹائنی ٹی2 درحقیقت ٹائنی ٹی1 کا اپ گریڈ ورژن ہے ۔ اس میں 3جی سپورٹ، کیمرا، 128ایم بی ریم اور 64 ایم بی اسٹوریج ملتا ہے۔ وزن صرف 31 گرام اور بیٹری بیک اپ تقریباً 7 دن کا ہے۔ اس فون میں موسیقی، ویڈیو اور بنیادی گیمز کا مزہ بھی لے سکتے ہیں۔

یونی ہرٹز جیلی 2

یونی ہرٹز جیلی 2 کو دنیا کا سب سے چھوٹا4 جی اسمارٹ فون مانا جاتا ہے. 3 انچ کی اسکرین، اینڈرائیڈ 11 ، 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کے ساتھ آتا ہے۔ اس میں فیس ان لاک، جی پی ایس ، کیمرا، وائی فائی اور گوگل پلے اسٹور سپورٹ بھی ملتا ہے۔ وزن صرف 110 گرام ہے لیکن فیچرز کسی بڑے فون جیسے ہیں۔

لائٹ فون 2

یہ فون ان لوگوں کے لیے ہے جو صرف کال اور میسج کے لیے موبائل کا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ اس میں ای-انک ڈسپلے ہے اور یہ 4 جی نیٹ ورک سپورٹ کرتا ہے۔ کوئی سوشل میڈیا، گیم یا ایپ نہیں – صرف ضروری فیچرز۔ سائز چھوٹا، ڈیزائن پریمیم اور بیٹری کی زندگی لمبی۔

کیوسیرا کے وائے 01ایل

اس فون کو “دنیا کا سب سے پتلا موبائل” کہا جاتا ہے۔ اس کی موٹائی صرف 5.3 ملی میٹر اور وزن 47 گرام ہے۔ اس میں 2.8 انچ کی مونوکروم اسکرین ہے اور یہ صرف کال، میسج اور براؤزنگ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جاپان میں کافی مقبول رہا یہ فون کریڈٹ کارڈ جیسا لگتا ہے۔

پاکستان