اہم ترین

یوٹیوبر ڈکی بھائی منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار، مقدمہ قائم

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کو منی لانڈرنگ کے مقدمے میں لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈکی بھائی بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم ان کا نام پہلے ہی پی این آئی ایل فہرست میں شامل تھا جس کے باعث انہیں ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔

نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے ڈکی بھائی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم پر غیر قانونی آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کےذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

این سی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو جوا بازی اور غیر قانونی سرمایہ کاری میں ملوث کرنے کا الزام، جس سے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے یوٹیوبر ڈکی بھائی نے یوٹیوب اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ون ایکس بیٹ اور بائنومو جیسی ایپس کو فروغ دیا۔

ڈکی بھائی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے ذریعے عوام کو گمراہ کرتا رہا۔ ملزم کے قبضے سے غیر قانونی ادائیگیوں اور بائنومو پروموشن کے ثبوت برآمد کرلیا۔یوٹیوبر ڈکی بھائی کے اثاثوں کی چھان بین کی جارہی ہے۔ ملزم سے مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور ڈیٹا بھی حاصل کر لیا۔

یوٹیوبر ڈکی بھائی کے اثاثوں کا ریکارڈ بھی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے طلب کر لیا ہے۔تفتیشی ٹیم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض، سب انسپکٹر یاسر رمضان اور ہیڈ کانسٹیبل طاہر شامل ہیں۔

پاکستان