اہم ترین

سیلابی صورت حال؛ ناجائز دولت کی ہوس قیمت بے گناہ غریب ادا کررہا ہے: خواجہ آصف

وزیر دفاع وشہری ہوابازی خواجہ آصف نے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال پر کہا ہے کہ ناجائز دولت کی ہوس قیمت بے گناہ غریب ادا کررہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں تباہ کن سیلاب کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 341 تک پہنچ گئی، جن میں سے صرف بونیر میں 222 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔اس کے علاوہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجنوں افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

دوسری جانب ملک میں مون سون سیزن کے ایک اور طاقتور اسپیل کا دھواں دھار آغاز ہوگیا ہے، بونیر کے بعد صوابی میں بھی کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) سے تباہی مچ گئی ہے۔

بالائی علاقوں میں سیلابی صورت حال اور جانی نقصان پر وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پہاڑ کاٹو، درخت کاٹ ڈالو، ندی نالوں، دریاؤں کے کناروں پرہوٹل اور مارکیٹیں بنا لو۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دولت کے لالچ میں قدرت کے انتقام کو دعوت دو تو پھر آسمان پھٹ پڑتا ہے۔ زمین پر پانی بپھر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چور، ٹھیکیداروں، حکومتی اہلکاروں اور سیاسی نمائندوں کی ملی بھگت کے باعث سڑکیں اور پل بہہ گئے: اربوں روپوں کے کاغذی پل اور سڑکیں لمحوں میں پانی کے ریلے میں بہہ گئیں۔

خواجہ آصف نے مزید لکھا ہے کہ ناجائز دولت کی ہوس کا سیلاب معاشرے کی تمام اخلاقی قدریں برباد کر گیا۔ اور اس کی قیمت بے گناہ غریب ادا کررہا ہے۔

پاکستان