اہم ترین

غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں شدت، مزید 65 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج نےبربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ ایک ہی دن میں مزید 65 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق جام شہادت نوش کرنے والے 65 افراد میں سے 37 کو اسرائیل نے ایک حملے میں شہید کیا۔ جب کہ 24 فلسطینی کھانے کی لائن میں لگے فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں شہید ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے غزہ کے علاقے شیخ رضوان میں واقع ایک اسکول کو نشانہ بنایا، جس کے صحن میں درجنوں فلسطینی عارضی پناہ لئے ہوئے تھے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک اسرائیلی ڈرون کا ایک عمارت کے اوپر معلق ہونا دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں لوگوں کو اس ڈرون سے گھبرایا ہوا دیکھا جاسکتا ہے، کچھ ہی لمحوں میں یہ ایک دھماکہ خیز مواد گراتا ہے۔ عمارت سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاتز نے دھمکی دی ہے حماس اگر اسرائیل کی شرائطماننے پر تیار نہ ہوا تو غزہ کا سب سے بڑا شہر تباہ ہو جائے گا۔

اسرائیل کاتز نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ حماس اسرائیل کے تمام یرغمال قیدیوں کو رہا اور خود غیر مسلح ہوجائے۔ لیکن حماس نے کہا ہے کہ وہ جنگ ختم کرنے کے بدلے قیدیوں کو رہا کرے گی، لیکن فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر غیر مسلح نہیں ہوگی۔

حالیہ جنگ بندی کی تجویز کے جواب میں، جسے حماس نے قبول کیا اور جس کا انتظام قطر اور مصر نے کیا، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ “فوری مذاکرات شروع کریں” تاکہ باقی ماندہ قیدیوں کو رہا کیا جا سکے اور جنگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔

پاکستان