بالی ووڈ کے معروف اداکار رضا مراد نے اپنی موت کی جھوٹی خبر پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ممبئی کے امبولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرادی۔
بھارت کے سینیئر اداکار اور صداکار رضا مراد ان دنوں اپنی موت کی جھوٹی خبر پر چرچے میں ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی وفات سے متعلق ایک فیک پوسٹ تیزی سے وائرل ہوئی جس نے نہ صرف ان کے مداح بلکہ خود رضا مراد اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی ذہنی اذیت ہوئی۔
سوشل میڈیا پر جھوٹی خبر وائرل ہونے سے ناراض ہو کر انہوں نے ممبئی کے امبولی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔
رضا مراد نے ایک ویڈیو اور بیان کے ذریعے واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند اور حیات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی زندہ ہوں اور صحت مند ہوں۔ بار بار یہ بتاتے بتاتے میرا گلا، زبان اور ہونٹ سوکھ گئے ہیں۔ ہر جگہ یہ جھوٹی خبر پھیل گئی ہے۔۔
اداکار نے ایسی افواہیں پھیلانے والوں پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا، کہ یہ انتہائی شرمناک حرکت ہے۔ یہ کام وہی لوگ کرتے ہیں جو اپنی زندگی میں کچھ نہیں کر پاتے اور سستی شہرت کے لیے ایسی گھٹیا حرکتیں کرتے ہیں۔
انہوں نے پولیس سے اپیل کی کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی اور شخص اس طرح کی حرکت کرنے سے پہلے سو بار سوچے۔











