سعودی حکومت نے دنیا بھر میں عمرہ کے خواہشمند مسلمانوں کو ’نُسُک عمرہ‘ کا نیا ڈیجیٹل تحفہ دے دیا ہے۔
نُسُک عمرہ سے بین الاقوامی زائرین ایجنٹ کے بغیر کے ویزا کے لیے آن لائن درخواست کر سکیں گے اور متعلقہ خدمات بُک کر سکیں گے۔ تاکہ عازمین کے لئے عمرہ کا عمل آسان اور بہتر بنایا جاسکے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس سروس کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس سفر کو آسان اور قابل رسائی بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم سعودی عرب کے باہر عمرہ زائرین کو سیدھے عمرہ ویزا کے لیے درخواست کرنے، رہائش، ٹرانسپورٹیشن، ثقافتی سیاحت اور امدادی خدمات کی آن لائن بکنگ کی سہولت دیتا ہے۔
زائرین پہلے تیار انٹیگریٹیڈ پیکیج کا انتخاب کر سکتے ہیں یا ذاتی خدمات منتخب کرکے اپنی پسند کے پیکیج بنا سکتے ہیں۔ نُسُک عمرہ تک اس کی سرکاری ویب سائٹ یا دستیاب موبائل ایپ کے توسط سے رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
ویزا درخواست سے لے کر منظوری تک کے عمل کو ہموار بنانے کے لیے اس پلیٹ فارم کو کثیر لسانی اور سرکاری نظام کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ سروس رقوم کی ادائیگیوں کے کئی آپشن بھی فراہم کرتی ہے۔











